Live Updates

دہشت گردی کے عفریت سے مقابلہ نئے سال کاسب سے بڑا چیلنج، دہشت گردی سے ترجیحی بنیادوں سے نمٹنے کیلئے حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو یکجا ہوکر جامع حکمت عملی مرتب کرنی ہوگی، پانچ سالوں میں ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی ، بڑی صنعتیں بیرون ملک منتقل ہوئیں جس سے کروڑوں لوگ بیروزگار ہوئے اور ملکی معیشت عملا منجمد ہو کر رہ گئی، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بیان

منگل 1 جنوری 2013 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کے عفریت سے مقابلہ کو نئے سال کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردوں کا صفایاکرنے کیلئے حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو یکجا ہوکر ایک جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی تاکہ دہشت گردی سے ترجیحی بنیادوں سے نمٹا جاسکے، دہشت گردی ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ اور معاشی بحران کی بڑی وجہ ہے، حکومت اپنی نالائقی اور نا اہلی کا خاتمہ کرے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں عمران خان نے سال2012کو پاکستان کیلئے مشکل ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال دہشت گردی ملکی تاریخ کی بلند ترین ترین سطح پر پہنچ گئی اور فرقہ واریت،ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ وصولی ، اغوا ء برائے تاوان اور دیگر وارداتوں کے باعث حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس لئے ضروری ہے کہ حکومت اپنی نالائقی اور نا اہلی کا خاتمہ کرے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرے۔

عمران خان نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں ہزاروں کی تعداد میں معصوم عوام اور سیکورٹی اہلکار شہیدہوئے۔ انہوں نے پشاور میں طالبان کے ہاتھوں شہید ہونے والے 21لیویز اہلکاروں اور مستونگ میں زائرین کی بس پر خودکش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات غیرانسانی ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ ضروری ہے حکومت روائتی نالائقی کی بجائے سیاسی جماعتوں اور تمام دیگر سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر ایک جامع حکمت عملی طے کرے تاکہ دہشت گردی سے ترجیحی بنیادوں پر نمٹا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اسی وجہ سے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری ہونے کی بجائے ملکی سرمایہ بیرون ملک منتقل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی ، بڑی صنعتیں بیرون ملک منتقل ہوئیں جس سے کروڑوں لوگ بیروزگار ہوئے اور ملکی معیشت عملا منجمد ہو کر رہ گئی۔ عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت کو جمپ اسٹارٹ کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس سال موجودہ حکمرانوں سے نجات کیلئے پر عزم ہوں اور محب وطن، دیانتدار اور شفاف کردار کی باصلاحیت قیادت کے انتخاب کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں کہا کہ نیا سال ملک میں تبدیلی لائیگا اور ملک انشاء اللہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات