کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایل پی جی کی پیداوار او رپالیسی گائیڈ لائن سی این جی کی قیمتوں کیلئے سب کمیٹی کی سفارشات ، ورلڈ فوڈ پروگرام اور افغانستان کیلئے 52 ہزار میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی منظوری دیدی،ریوائیول آف کراچی کا سرکلر ریلویز کے منصوبے کیلئے کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو لینڈنگ چارجز سے استثنیٰ دینے کی منظوری

منگل 1 جنوری 2013 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایل پی جی کی پیداوار او رپالیسی گائیڈ لائن سی این جی کی قیمتوں کیلئے سب کمیٹی کی سفارشات ، ورلڈ فوڈ پروگرام اور افغانستان کیلئے 52 ہزار میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی منظوریدیدی۔ ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے ایل پی جی کی پیداوار اور ترسیل کی پالیسی گائیڈ لائن 2012ء کی سمری پیش کی گئی جس کی منظوری دیدی گئی۔ ای سی سی نے پاسکو کے سٹاک سے 3 سو ڈالر فی ٹن کے حساب سے ورلڈ فوڈ پروگرام کو 12 ہزار میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام یہ گندم خرید کر خیبر پختونخواہ کے آئی ڈی پیز میں تقسیم کرے گا اس کے علاوہ ای سی سی نے افغانستان کو گندم کی فراہم کرنے کے لئے بھی 40 ہزار میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی منظوری دیدی۔

(جاری ہے)

ای سی سی نے وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں قائم ہونے والی ذیلی کمیٹی کی جانب سے سی این جی کی قیمتوں کے فارمولے کی سفارشات کی منظوریدیدی ہے۔ اس موقع پر ای سی سی نے اوگرا کوہدایت کی کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے سی این جی کی قیمتوں کے فارمولے کو شفاف اورلچکدار بنایا جائے۔ اجلاس کے دورن وزارت ریلویز کی جانب سے ریوائیول آف کراچی کا سرکلر ریلویز کے منصوبے کے لئے کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو لینڈنگ چارجز سے استثنیٰ دینے کی منظوری دیدی ہے۔

اس منصوبے کیلئے جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی نے مجموعی لاگت کا 93.4 فیصد ، (2 ارب 40 کروڑ ڈالر ) دینے کا معاہدہ کررکھا ہے۔ یہ رقم آسان قرضے کی صورت میں صرف 0.2 فیصد شرح سود پر دیا جائے گا او راس کی واپسی کی مدت 40 سال ہو گی جبکہ باقی 65 فیصد لاگت وزارت ریلویز مہیا کرے گی ۔ اس منصوبے کے تحت کرا 86 کلو میٹر کا ٹریک بنایا جائے گا او راس پر 27 سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ اس منصوبے سے کراچی کے عوام کو سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے سینئروزیر بشیر احمد بلور کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔