پیر آف گولڑہ شریف نے طاہر القادری کو 14 جنوری کے اسلام آباد مارچ کے موقع پر جڑواں شہروں میں 2 لاکھ افراد کے قیام و طعام کی پیشکش کر دی

منگل 1 جنوری 2013 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) پیر آف گولڑہ شریف پیر معین الحق گیلانی نے تحریک منہاج القران کے سربراہ علامہ طاہر القادری کے 14 جنوری کو اسلام آباد مارچ کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں 2 لاکھ افراد کے قیام و طعام کی پیشکش کر دی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پیر آف گولڑہ شریف نے لاہو رمیں طاہر القادری کی رہائش گاہ پر ان سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں لاہور میں لاکھوں افراد کے تاریخ ساز جلسے کے انعقاد پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ طاہر القادری کی تحریک اور اسلام آبادمارچ ملک میں جاگیر داری ، سرمایہ داری کے خاتمے اور حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان اس موقع پر اسلام آباد مارچ کی کامیابی اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوص کیاگیا۔

(جاری ہے)

پیر آف گولڑہ شریف نے طاہر القادری کو آفر کی کہ وہ راولپنڈی اسلام آباد کے اندر مارچ میں شرکت کرنے والے 2 لاکھ افراد کی رہائش کا کھانے پینے کا بندوبست کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پرطاہر القادری نے اپنی پارٹی کی اعلیٰ سطحی قیادت کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس ضمن میں پیر آف گولڑہ شریف سے رابطے میں رہیں او رجڑواں شہروں میں بریلوی مکتب فکر کی مساجد اور مدارس کے منتظمین سے بھی شرکاء مارچ کو قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے رابطے کریں۔

متعلقہ عنوان :