نواز شریف ، شجاعت اور چیف جسٹس سمیت تمام قومی رہنماوں کو نئے سال کی مبارک دیتاہوں ، اگر کسی کو لانگ مارچ کرنے کا شوق ہے تو وہ مہمند ایجنسی اور وزیر ستان کی طرف مارچ کرے، شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہے ، چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہو گی ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور موبائل فون سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا ،وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 1 جنوری 2013 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے نواز شریف ، چوہدری شجاعت اور چیف جسٹس افتخار چوہدری سمیت تمام قومی رہنماوں کو نئے سال کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو لانگ مارچ کرنے کا شوق ہے تو وہ مہمند ایجنسی اور وزیر ستان کی طرف مارچ کرے، شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہے ، چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہو گی اس روز موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور موبائل فون سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا ، وہ منگل کو اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے اجلاس میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی انتظامات پر مشاورت کی گئی اور انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے ارسال کئے جانے والے سیکیورٹی تھرٹس کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ امام حسین اور شہدائے کر بلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہو گی کیونکہ اس روز بڑی دہشت گردی کا خطرہ ہے ،دہشت گردی کے خطرات کے حوالے سے موصول ہو نے والی انٹیلی جنس رپورٹس کا جائزہ لینے کے لئے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سیکورٹی اقدامات تجویز کرے گی اس میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سمیت موبائل فون کی سروس کو معطل کرنا بھی شامل ہو گا ، انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو لانگ مارچ یا شارٹ مارچ کرنے کا زیادہ شوق ہے تو وہ اسلام آباد کی بجائے وزیر ستان اور مہمند ایجنسی کا رخ کرے تاکہ دہشت گردی کے شکار عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہو سکے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے سال دو ہزار بارہ کے دوران دہشت گردی کی بڑی بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندیوں کو ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے ، دہشت گردوں کو شکست دینے پر اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امام حسین کے چہلم کے روز کسی بھی قسم کے اسلحہ کو ساتھ لیکر چلنے پر مکمل پابندی ہو گی، قبل ازیں انہوں نے پاکستان بیت المال کے سویٹ ھومز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یتیم بچوں کو سال نو کی مبارکباد دی اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا، وزیر داخلہ نے میاں نواز شریف ، چودری شجاعت حسین سمیت چیف جسٹس افتخار چوہدری کو بھی نئے سال کی مبارک دی۔