آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے ای سی سی سب کمیٹی کی مقررہ کردہ سی این جی کی نئی قیمتیں مسترد کر دیں

منگل 1 جنوری 2013 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے ای سی سی سب کمیٹی کی مقررہ کردہ سی این جی کی نئی قیمتیں مسترد کر دیں۔ ای سی سی سب کمیٹی کے اجلاس کے بعد آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سب کمیٹی نے ان کی تجویز کے برخلاف ریجن ون کیلئے 74.43 روپے اور ریجن ٹو کیلئے 68 روپے فی کلو قیمت مقرر کی جو کہ سی این جی مالکان کیلئے ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی این جی کی قیمتوں کے نئے فارمولے میں اکاؤنٹنگ کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا پٹرول اور گیس کو برابر کرنا ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سی این جی کو آہستہ آہستہ بندکرنے کے مشن پر کاربند ہے جبکہ اس سے سی این جی جیسے سستے ایندھی سے مستفید ہونے والے 8 کروڑ عوام کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے ایسی سی سب کمیٹی میں انہیں بلایا ضرور گیا تھا لیکن ان کی کسی تجویز کو قابل قبول نہیں سمجھا گیا بلکہ سب کمیٹی نے آمرانہ فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ملک کے اندر بہت بڑا سیاسی بحران پیدا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن جلد ہی اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

متعلقہ عنوان :