کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سب کمیٹی نے ریجن ون کیلئے 74.43 روپے اور ریجن ٹو کیلئے 68 روپے فی کلو گرام سی این جی کی قیمت مقرر کر دی، تمام فریقین کی تجاویزپرغور کرنے کے بعد باہمی رضا مندی سے نئی قیمت مقرر کی گئی ہے ، چیئر مین اوگرا سعید احمد کی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

منگل 1 جنوری 2013 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سب کمیٹی نے سی این جی کی ریجن ون کیلئے 74.43 روپے اور ریجن ٹو کیلئے 68 روپے فی کلو گرام قیمت مقرر کر دی۔ منگل کو ای سی سی کی سب کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین اوگرا سعید احمد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی این جی کی قیمتوں کے تعین کیلئے سپریم کورٹ کے حکم پر اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سب کمیٹی وزیر قانون کی سربراہی میں قائم کی گئی تھی جبکہ سب کمیٹی کے سابقہ اجلاسوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان سے تجاویز لی گئیں جنہیں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن ، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ، سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن ، کنزیومر رائٹس کمیشن و دیگر شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کی تجاویزپرغور کرنے کے بعد باہمی رضا مندی سے ای سی سی سب کمیٹی نے سی این جی کی قیمت ریجن ون کیلئے 74.43 روپے فی کلو گرام جبکہ ریجن ٹو کیلئے 68 روپے فی کلو گرام مقرر کی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین اوگرا نے کہا کہ سی این جی کی قیمت کے نئے فارمولے میں سی این جی اسٹیشن مالکان کو فی کلو گرام 18 روپے کا مارجن دیا گیا ہے جس میں منافع 4.32 روپے ، آپریٹنگ کاسٹ (کمپریشن )9 روپے جبکہ ویلیو ایڈیشن چارج 5 روپے شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ آپریٹنگ کاسٹ میں 7.22 روپے الیکٹرک سٹی چارجز جبکہ بقیہ مشینری کی گھساٹی شامل ہے۔ چیئرمین اوگرا نے کہا کہ مذکورہ قیمتوں کی سمری آئندہ تاریخ پر سپریم کورٹ میں پیش کر دی جائے گی جبکہ سپریم کورٹ کی منظوری کے بعد اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نیا نویفکیشن آنے تک سی این جی کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔