پاکستان کے باصلاحیت اور ترقی کے جذبے سے سرشار نوجوان ملک کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں ، ہمارا فرض ہے کہ ان نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کریں، ملک ترقی کرے اور اقوام عالم میں ہم ایک باعزت اور اعلیٰ مقام حاصل کرسکیں،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی گفتگو

منگل 1 جنوری 2013 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت اور ترقی کے جذبے سے سرشار نوجوان ملک کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ان نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کریں تاکہ ملک ترقی کرے اور اقوام عالم میں ہم ایک باعزت اور اعلیٰ مقام حاصل کرسکیں۔

وہ گورنر ہاؤس میں صوبائی محکمہ امور نوجوانان کی چار سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کئے جانے کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔صوبائی امور نوجوانان فیصل سبزواری نے گورنر کو رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری امور نوجوانان شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل سبزواری جیسے جاں اور جذبے سے سرشار وزیر کی موجودگی اور محکمہ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یقین ہے کہ صوبہ سندھ میں نوجوانوں کا مستقبل تابناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، مجھے یقین ہے کہ ان نوجوانوں کی موجودگی میں ہم کامیابی سے ان چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکیں گے۔ گورنر نے کہا کہ سماجی، ثقافتی، اقتصادی شعبوں میں پیش رفت کے ساتھ ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز سے بھی نمٹنا ہے۔ صوبائی وزیر فیصل سبزواری نے بتایا کہ محکمہ نے سرکاری و نجی شعبے کے تعاون سے یوتھ ڈیولپمنٹ کے ضمن میں متعدد پراجیکٹس پر عمل درآمد کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان میں یوتھ سینٹرز، کیریئر کونسلنگ برائے یوتھ، یوتھ ہیلتھ اورئرنس پروگرامز، انٹرنیشنل یوتھ ایکسچینج پروگرامز، اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز برائے معذور نوجوان اور دیگر پروگرامز شامل ہیں۔ ان کے تحت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی جدید خطوط پر تربیت اور صلاحیتوں کے علاوہ اپنی اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور منوانے کے لئے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں 192.7 ملین کی لاگت سے کراچی میگا یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر امسال مکمل ہوجائے گا جبکہ 328.7 ملین روپے کی لاگت سے حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپور خاص، خیرپور اور بے نظیر آباد میں بھی ریجنل یوتھ سینٹرز اس ہی سال مکمل ہوجائیں گے۔