کولیشن سپورٹ فنڈکی مد میں 68 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد امریکہ کونیٹو سپلائی کے ذریعے چھوٹے ہتھیار اور فوجی ساز و سامان افغانستان لے جانے کی اجازت دیدی گئی ،جوہری و کیمیائی مواد اور اس سے متعلقہ ہتھیار لے جانے پر پابندی برقرار رہے گی، ذرائع

منگل 1 جنوری 2013 19:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) امریکہ سے پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت 68 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد ایف بی آر نے کسٹم جنر ل آرڈر میں تبدیلی کر کے امریکہ کی نیٹو سپلائی کے ذریعے چھوٹے ہتھیار اور فوجی ساز و سامان افغانستان لے جانے کی اجازت دیدی۔

(جاری ہے)

منگل کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع کے مطابق جنرل کسٹم آرڈر میں ترمیم کی گئی ہے جس کی رو سے اب طورخم اور چمن سے امریکہ کو چھوٹے ہتھیار اور دیگر فوجی ساز و سامان لے جانے کی اجازت ہو گی تاہم جوہری و کیمیائی مواد اور اس سے متعلقہ ہتھیار لے جانے پر پابندی اب بھی برقرار رہے گی۔

باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت نے امریکہ کی جانب سے کولیشن سپورٹ فنڈ کے 68.6 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد مذکورہ فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت خزانہ نے بھی کسٹم جنرل آرڈر میں مذکورہ تبدیلی کی حتمی منظوری دیدی ہے۔