حیدرآباد،ملک میں امن و استحکام اور خوشحالی کے لئے امن ریلی

منگل 1 جنوری 2013 19:13

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء)ملک میں امن و استحکام اور خوشحالی کے لئے حیدرآباد میں امن ریلی نکالی گئی، تفصیلات کے مطابق اولڈ کیمپس سے حیدرآباد پریس کلب تک نکالی گئی ریلی میں سیاسی، سماجی اور قوم پرست رہنماوٴں نے شرکت کی جو ہاتھوں میں بینرز اٹھائے نعرے لگارہے تھے، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے اور ان کا پیغام امن ومحبت ہے، ملک میں اس وقت تک امن کا قیام ممکن نہیں جب تک ہم ایک دوسرے کی بات کو برداشت کرنا نہیں سیکھیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں کو بھلا کر آئندہ کے لئے مل کر چلنے کا عہد کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو ہم روشن مستقبل دے سکیں اور کوشش کی جائے کہ جو غلطیاں گذشتہ سال کی تھیں وہ آئندہ سال نہ دوہرائی جائیں، مقررین کا کہنا تھا کہ ہم حکمرانوں سے امید کرتے ہیں کہ وہ 2013ء میں عوام کی بہتری کے لئے اقدامات کریں گے اور عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور دہشت گردی سے نجات دلائیں۔