”وزیراعلیٰ اجالا پروگرام“ کے تحت دو لاکھ سے زائد سولر لیمپس طلبا و طالبات میں مفت تقسیم کئے جائیں گے،توانائی کے بد ترین بحران نے مستقبل کے معماروں کے لئے تعلیم کا حصول مشکل بنا دیاہے،سولر لیمپس کے ذریعے قوم کے نونہال لوڈشیڈنگ کے دوران بھی اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں گے،دینی مدارس کے طلبا وطالبات کو بھی سولر لیمپس فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

منگل 1 جنوری 2013 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بد ترین بحران نے مستقبل کے معماروں کے لئے تعلیم کا حصول بھی مشکل بنا دیاہے، توانائی کے شدید بحران سے زراعت، صنعت ،تجارت، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، طلبا و طالبات کو حصول تعلیم میں مشکلات اور مسائل کا سامناہے۔

پنجاب حکومت نے ”اجالا پروگرام“ کے تحت میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طلبا و طالبات میں سولر لیمپس مفت تقسیم کرنے کا پروگرام بنایاہے اورجلد ہی اس پروگرام کاآغاز کیا جا رہا ہے۔وہ ماڈل ٹاؤن میں ”وزیراعلیٰ اجالا پروگرام “سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی زعیم حسین قادری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، ممبر قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری توانائی اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ اخوت تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر امجد ثاقب نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی قلت سے عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔ تجارتی و معاشی سرگرمیاں ختم ہو گئی ہیں۔ صنعتوں کے بند ہونے سے لاکھوں مزدوربے روز گار ہو گئے ہیں۔ اسی طرح توانائی کے شدید بحران سے صحت اور تعلیم کے شعبے پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ طلبا و طالبات کو اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات کا سامناہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت جہاں توانائی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے متبادل ذرائع سے توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے وہاں مستقبل کے معماروں کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں معاونت کے لئے ”اجالا پروگرام“ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت طلبا و طالبات میں سولر لیمپس مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر سولر لیمپس دئیے جائیں گے جن کے ذریعے طلبا و طالبات لوڈ شیڈنگ میں بھی اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر دو لاکھ سے زائد سولر لیمپس تقسیم کئے جائیں گے اور اس مقصد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دینی مدارس کے طلبا و طالبات کو بھی سولر لیمپس فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے۔سیکرٹری توانائی جہانزیب خان نے ”وزیراعلی اجالا پروگرام “ کے تحت طلبا و طالبات میں سولر لیمپس کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔