چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف بھارتی بورڈ حکام کو آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر راضی نہ کرسکے،بی سی سی آئی حکام نے ذکاء اشرف کو رواں سال بھارتی ٹیم کے جوابی دورہ پاکستان کی یقین دہانی بھی نہیں کرائی، بھارتی میڈیا

منگل 1 جنوری 2013 19:11

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف بھارتی بورڈ کے حکام کو آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر راضی نہ کرسکے، بی سی سی آئی حکام نے ذکاء اشرف کو رواں سال کے دوران بھارتی ٹیم کے جوابی دورہ پاکستان کی یقین دہانی بھی نہیں کرائی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف گزشتہ 4روز سے بھارت میں ہیں اور انہوں نے اپنے دورے کے دوران بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سربراہ این سری نواسن سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں پاک بھارت کرکٹ تعلقات اور آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقاتوں میں ذکاء اشرف نے بھارتی بورڈ حکام سے آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر بات چیت کی تاہم بھارتی حکام نے ان کی شمولیت آئی پی ایل فرنچائزز کی آمادگی سے مشروط کرتے ہوئے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

ذکاء اشرف بی سی سی آئی حکام سے واضح یقین دہانی مانگتے رہے لیکن بھارتی بورڈ نے کھل کر کوئی جواب نہیں دیا۔

ملاقاتوں میں ذکاء اشرف نے پی پی ایل میں بھارتی کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی جسے بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کی مصروفیات اور شیڈول کو مدنظر رکھ کر جواب دینے کا کہا۔ بی سی سی آئی حکام نے ذکاء اشرف کو رواں سال کے دوران بھارتی ٹیم کے جوابی دورہ پاکستان کی یقین دہانی بھی نہیں کرائی اور موقف اختیار کیا کہ بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔