انتخابات ملتوی کرانے کیلئے حالات خراب کیے جارہے ہیں، فضل الرحمان

منگل 1 جنوری 2013 18:19

پشاور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔1جنوری۔ 2013ء)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انتخابات ملتوی کرانے کے لئے حالات خراب کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں بشیر احمدبلور کی رہائش گاہ پر غمزدہ خاندان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں حالات سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حالات خراب کیے جارہے ہیں تاکہ انتخابات ملتوی کا جواز بن سکے۔

ان کا کہناتھا کہ اگر افغانستان اور عراق میں انتخابات ہوسکتے ہیں تو یہاں کیوں نہیں ہوسکتے، انتخابات وقت پر کروائے جائیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ”سیاست نہیں ریاست بچاؤ“ والی باتیں مایوسی کی عکاسی کرتی ہیں، ماضی میں مارشل لا کے نفاذ کی سب سے بڑی دلیل ملک بچاؤ ہی تھی۔انہوں نے خبردار کیا کہ ماورا ئے آئین کوئی راستہ قبول نہیں کیا جائے گا۔