60ارب ریال کی لاگت سے مکہ مکرمہ شہر کے اندرونی ریلوے سسٹم پر عمل درآمد کی منظوری دور دراز علاقوں میں قیام پذیر دوسرے ملکوں سے آنے والے حاجیوں کو مسجد الحرام آنے جانے میں سہولت ہوگی

منگل 1 جنوری 2013 14:57

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) سعودی کابینہ نے مکہ مکرمہ میں60ارب ریال کی لاگت سے شہر کے اندرونی ریلوے سسٹم (مکہ میٹرو ریلوے ) پر عمل درآمد کی منظوری دے دی ہے جس کی تکمیل سے شہر کے دور دراز علاقوں میں قیام پذیر دوسرے ملکوں سے آنے والے عازمین حج اور زائرین کو عبادت کے لئے مسجد الحرام آنے اور واپس جانے کی سہولت حاصل ہوگی - مکہ میونسپلٹی کے متعلقہ عہدیدار عباس قطان کے مطابق اس ریل نیٹ ورک کے لئے مسجد الحرام کے مختلف اطراف میں سات سو میٹر کے علاقے کے اندر چار ریلوے سٹیشن بنائے جائیں گے جن کے لئے 18سو جائیدادیں ایکوائر کی جائیں گی اور ن اپرقائم عمارتیں مسمار کر دی جائیں گی - ایک سٹیشن اجیاد کے علاقے میں ہوٹل فند ق الشہدا کے بالمقابل پرانے پاکستان ہاؤس کے قریب ‘دوسرا جبل مدافع‘ تیسرا شعب عامر اور چوتھا باب عبد العزیز کے قریب مسفلہ میں تعمیر کئے جائیں گے - مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سفرکے لئے زیر تعمیر450 کلومیٹر طویل حرمین ریلوے اور مناسک حج کی ادائیگی کے پانچ دنوں کے دوران منٰی کی خیمہ بستی ‘ میدان عرفات اور مزدلفہ کے درمیان سفر کے لئے بنائی جانے والی مشاعر ریلوے کے بعد مکہ میٹرو ریلوے حاجیوں کی سہولت کے لئے تعمیر کیا جانے والا ریلوے کا تیسرا نیٹ ورک ہوگا۔

متعلقہ عنوان :