بھارت، ریپ کیپیٹل میں اجتماعی زیادتی کا واقعہ، سینکڑوں خواتین نے تحفظ کیلئے اسلحہ لائسنسوں کی درخواستیں دیدیں، 3 سو سے زائد خواتین کی اسلحہ لائسنس کیلئے درخواستیں جمع ، اسلحہ لائسنس کے طریقہ کار کے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں،12سو سے زائد خواتین نے اسلحے بارے معلومات حاصل کرنے کیلئے کالز کی ہیں ،پولیس ، ہماری بیٹیاں دوردراز کالجز میں زیر تعلیم ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ خواتین اور لڑکیوں کے لئے محفوظ نہیں،ہماری بیٹیوں کو جلد اسلحہ فراہم کیاجائے،والدین

منگل 1 جنوری 2013 14:57

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) بھارتی دارالحکومت ” ریپ کیپیٹل “ نئی دہلی میں 23سالہ میڈیکل کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کے بعد خواتین کی بڑی تعداد نے اسلحہ لائسنس کے لئے درخواستیں جمع کرادیں، پولیس نے کہا ہے کہ اب تک 3 سو سے زائد خواتین نے لائسنس کی درخواستیں دی ہیں جس میں اسلحہ لائسنس کے طریقہ کار کے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں،12سو سے زائد خواتین نے اسلحے بارے معلومات حاصل کرنے کیلئے کالز کی ہیں ،ٹیلی فون کرنے والی خواتین کی اکثریت نوکری پیشہ اور طالبات کی ہے ۔

منگل کو بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ دنوں میڈیکل کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کے بعد خواتین نے حکومت سے اسلحہ کی فراہمی کے لئے مطا لبہ کردیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والے واقعہ کے بعد سینکڑوں خواتین نے دہلی ڈیپارٹمنٹ آف پولیس کو درخواستیں جمع کردیں ۔دہلی پولیس کے مطابق اب تک 3سو سے زائد خواتین نے اسلحہ لائسنس کے لئے درخواستیں دی ہیں جس میں اسلحہ لائسنس کے طریقہ کار کے سوالات پوچھے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز 12سوسے زائد خواتین کی کالز موصول ہوئیں جس میں تمام نے اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کے طریقہ کار معلوم کیئے۔پولیس نے کہا ہے کہ موصول ہونے والی کالز ناصرف نوکری پیشہ خواتین کی تھیں بلکہ ان طالبات کی بھی تھیں جو کہ دور دراز کالجز میں زیر تعلیم ہیں جبکہ ان طالبات کے والدین کی جانب سے انہیں اسلحہ فراہم کرنے کی گزارشات کی گئیں ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق متعدد طالبات کے والدین نے کہا ہے کہ ہماری بیٹیاں دوردراز کالجز میں زیر تعلیم ہیں چونکہ اب دہلی میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی خواتین اور لڑکیوں کے لئے محفوظ نہیں لہٰذا ہماری بیٹیوں کو جلد اسلحہ فراہم کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :