راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت بینظیربھٹو قتل کیس کی 5 جنوری کو سماعت کرے گی، پرویزمشرف اور امریکی صحافی مارک سیگل کی طلبی‘ مارک سیگل نے عدالتی سمن موصول ہونے کی تصدیق کر دی

منگل 1 جنوری 2013 14:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سابق وزیر اعظم بینظیربھٹو قتل کیس کی 5 جنوری کو سماعت کرے گی‘ عدالت کی طرف سے مقدمہ کے مرکزی کردار اور اشتہاری قرار دئیے گئے سابق صدر پرویزمشرف اوراہم ترین سرکاری گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کو عدالت نے 5 جنوری کو طلب کررکھا ہے ۔

(جاری ہے)

امریکی صحافی مارک سیگل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی طرف سے انہیں بھیجے گئے سمن وصول ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ عدالت میں اپنابیان ریکارڈ کرانے کیلئے پانچ جنوری کو پاکستان آئیں گے ۔عدالت نے ان دونوں کے علاوہ دیگر اہم گواہوں میں بینظیر بھٹو کا ظاہری پوسٹ مارٹم کرنے والے سینئر ترین ڈاکٹر مصدق خان، ایس ایس پی آپریشنز یاسین فاروق، ایس ایس پی سید اشفاق انور، ڈائریکٹر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو ڈاکٹر عبدالرحمان کوبھی طلب کیاہے ۔ان کے بیانات کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں گے۔