وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا‘ ملکی سیاسی صورتحال اور امن و امان کا جائزہ لیا جائے گا، نئی تجارتی پالیسی کی منظوری دی جائے گی‘ کابینہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے فیصلہ پر پیش رفت کا جائزہ لے گی

منگل 1 جنوری 2013 14:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بدھ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوگا ۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور امن و امان کا جائزہ لینے کے علاوہ نئی تجارتی پالیسی کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے فیصلہ پر پیش رفت کا بھی جائزہ لے گی ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے طے شدہ معاہدہ کے تحت بھارت کو یکم جنوری سے پسندیدہ ملک کا درجہ دینا ہے اور نئی تجارتی پالیسی میں اس حوالے سے کئی مراعات کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے 14جنوری کو لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کے اعلان سے پیدا صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر داخلہ رحمن ملک ملک میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دینگے۔ کابینہ کے اجلاس میں خودکش حملہ کا نشانہ بننے والے خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بشیر بلور کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔