رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 101ارب کے فنڈ جاری کئے گئے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے مختص 350ارب روپے کے فنڈز سے پلاننگ کمیشن سے 233ارب کا اجراء

منگل 1 جنوری 2013 14:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) پلاننگ کمیشن نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 101 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے۔ پیر کو پلاننگ کمیشن کے ذرائع کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے وفاقی حکومت نے 360 ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں سے پلاننگ کمیشن نے 233 ارب روپے جاری کرنے تھے جبکہ 100ارب روپے کے فنڈز غیر ملکی ذرائع سے حاصل ہونے تھے۔

کمیشن نے وزیراعظم کے خصوصی پروگرام کیلئے 27 ارب روپے مختص کئے تاہم پلاننگ کمیشن نے رواں مالی سال کیلئے 233 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے 28دسمبر تک صرف 101 ارب روپے جاری کئے فنڈز کے اجراء سے متعلق کمیشن کی دستاویز کے مطابق پہلی شسماہی کے دوران انفراسٹرکچر کے 345 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 125 ارب 60 کروڑ روپے مختص فنڈز میں سے صرف 55 ارب 70 کروڑ روپے ‘ سماجی شعبے کے 688 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 127 ارب 40کروڑ روپے میں سے 42 ارب 60 کروڑ روپے 68 متفرق ترقیاتی منصوبوں کیلئے 3ارب روپے کے مختص ترقیاتی فنڈز میں سے ایک ارب 10کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے 10ارب روپے کے مختص ترقیاتی فنڈز میں سے 2ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی متوقع رقوم میں سے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کیلئے 85 ارب 60 کروڑ روپے سماجی شعبے کے منصوبوں کیلئے 8ارب 40 کروڑ روپے اور زلزلہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے ادارے ایرا کیلئے 6 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں سے انتہائی کم وسائل ملنے کیک توقع ہے جس کی بڑی وجہ آئی ایم ایف پروگرام کی منسوخی ہے جس کے بعد عالمی بنک‘ ایشیائی ترقیاتی بنک سمیت مختلف حکومتوں نے پاکستان کے قرضے اور مالی تعاون کے منصوبوں کو معطل کررکھا ہے۔