سپریم کورٹ‘ رینٹل پاور کیس کے فیصلے کیخلاف وزیراعظم ودیگرکی اپیلوں ‘ ایل پی جی کوٹہ کی غیر قانونی الاٹمنٹ ‘ آئی بی کے فنڈز پنجاب حکومت کیخلاف استعمال کرنے کے مقدمات کی کل سماعت ہوگی

منگل 1 جنوری 2013 13:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری کی سربراہی میں تین ر کنی بنچ کرائے کے بجلی گھروں کے بارے میں فیصلے کے خلاف وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اوردیگرکی نظرثانی کی درخواستوں کی کل بدھ کو سماعت کرے گااس سلسلے میں عدالت نے وزیراعظم کے وکیل وسیم سجادسمیت تمام فریقین کونوٹس جاری کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کرائے کے بجلی گھروں کے منصوبے کوغیرقانونی قراردیئے جانے کے فیصلے کووزیراعظم،وفاقی حکومت ،پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی،واپڈا،سابق سیکرٹری واپڈا اشفاق محمود،نجی بجلی گھروں پاورریسورس ،کامونکی انرجی لمیٹڈ،رشما پاورجنریشن،گلف رینٹل اورجنرل الیکٹرک انٹرنیشنل نے چیلنج کیاہواہے ۔ دریں اثناء چیف جسٹس کی سربراہی میں ہی فل بنچ ایل پی جی کوٹہ غیرقانونی طورپرالاٹ کرنے اورانٹیلی جنس بیورو(آئی بی)کے فنڈپنجاب حکومت گرانے کیلئے استعمال کرنے کامقدمہ بھی کل بدھ کو سنے گا جبکہ میجرجنرل(ر)ظہیرالاسلام مرحوم،بریگیڈیئر(ر)مستنصرباللہ اورکرنل(ر)عنایت اللہ خان کی کورٹ مارشل کیخلاف اپیلوں کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ تین جنوری کوکرے گا۔