نوشہرہ،پبی میں نجی کالج کے طالب علم کی ہلاکت اور واقعہ کے ذمہ دار ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی عدم گرفتاری کے خلاف ضلع بھر کے کالجز کے طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 6 دسمبر 2012 21:25

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6دسمبر۔ 2012ء) نوشہر کے علاقے پبی میں نجی کالج کے طالب علم کی ہلاکت اور واقعہ کے ذمہ دار ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی عدم گرفتاری کے خلاف ضلع بھر کے کالجز کے طلبہ نے جی روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کرتے ہوئے کالج طلبہ نے شدید نعرہ بازی کی اور کالجز کے سامنے ٹریفک پولیس اہلکاروں اور سپیڈ بریکر لگانے کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پبی کے نجی ٹیکنیکل کالج کے سیکنڈ ائیر کے طالب علم کی ہلاکت کے خلاف ضلع بھر کے ٹیکنیکل کالجز کے طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔طلبہ نے ڈاگئی چوک سے پبی زیارت سٹاپ تک جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاجی مارچ کیا۔ مطاہرین طلبہ نے اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ طلبہ نے جی روڈ پر زبردست نعرہ بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صوبائی رہنما کاشف میر نے مظاہرین طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے حقوق کا تحفظ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ محمد عزیر کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اس قوم کا روشن مستقبل ہیں اور اگر یہ مستقبل اسی طرح کھبی دھماکوں اور کبھی حادثات کی نذر ہوتا گیا تو یہ ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ جائیگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد عزیر کے قاتل ڈرائیور کو فوری گرفتار کریں۔ اور ضلع کے تمام کالج سٹاپوں پر پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں اور تمام سٹاپوں پر سپیڈ بریکر نصب کئے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا تدارک ہوسکیں۔ پولیس اور طلبہ رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے اور پولیس نے طلبہ کو وضاحت کی کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر گرفتار ہو چکے ہیں جس پر طلبہ منشر ہوگئے اور احتجاج ختم کردیا۔

متعلقہ عنوان :