جھنگ ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے واضح احکامات کے باوجود پولیس نے قبضہ گروپ کے سرغنہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے حوالدار کو بچانے کیلئے مقدمہ کے اندراج میں تاخیری حربوں کا استعمال شروع کردیا

جمعرات 6 دسمبر 2012 18:50

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6دسمبر۔ 2012ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جھنگ محمد افضل خان کے واضح احکامات کے باوجود 26 روز کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی تھانہ کوتوالی جھنگ پولیس نے قبضہ گروپ کے مبینہ سرغنہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے حوالدار کو بچانے کیلئے مقدمہ کے اندراج میں تاخیری حربوں کا استعمال شروع کردیا ہے اور متاثرہ شریف شہری کے مکان پر کیاگیا قبضہ بھی واگزار نہ ہوسکا ہے جس پر موصوف نے ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ کے اندراج ، گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کامطالبہ کیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ مقامی شہری محمد سلیم نے پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ اور دیگر اعلیٰ حکام کو دی گئی درخواستوں میں موٴقف اختیارکیاتھا کہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس جھنگ کے حوالدار عابدپرویز نے اپنے ساتھیوں عرفان بشیر وغیرہ کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر چونا بھٹیاں چوک جھنگ صدر پر واقع اس کے مکان پر زبردستی ناجائز قبضہ کرلیاہے جبکہ اس ضمن میں مکان کا سوداظاہر کرنے کیلئے ایک خودساختہ ، بوگس ، جعلی ،فرضی رسید سمیت بعض دیگر جعلی دستاویزات بھی تیار کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

مذکورہ درخواست کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجھنگ عمر اخترحیات لالیکانے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سٹی سرکل جھنگ مزرا انجم کمال کو واقعہ کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ کرنے کاحکم دیا جس پر انہوں نے متعدد بار اعلانیہ و خفیہ تحقیق کرکے دو نومبر کوڈی پی او جھنگ کو ارسال کی گئی اپنی تصدیقی رپورٹ میں تحریر کیاکہ الزام علیہان نے واقعی بددیانتی سے مدعی محمد سلیم کے مکان پر ناجائز قبضہ کیاہے اور گزشتہ تاریخوں میں فرضی وجعلی رسید بھی تیار کی ہے لہٰذا ملزمان کے خلاف ضابطہ کی کاروئی عمل میں لائی جانی ضروری ہے لیکن بااثر ملزمان نے مذکورہ رپورٹ و درخواست پر کاروائی نہ ہونے دی جس پر مدعی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جھنگ محمد افضل خان کی عدالت سے رجوع کیاجنہوں نے ڈی پی او ، ڈی ایس پی سٹی سرکل ، ایس ایچ او پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ کو 9 نومبر کو مقدمہ کے اندراج کا حکم دیا لیکن 26 روز گزرنے کے باوجود تاحال اس ضمن میں کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی گئی ہے اورنہ ہی مقدمہ کااندراج کیاگیاہے بلکہ پولیس اہلکار اپنے بااثر پیٹی بھائی کو ناجائز و غیر قانونی تحفظ فراہم کررہے ہیں۔

مدعی نے ایس ایچ او تھانہ کوتوالی جھنگ ،ڈی ایس پی سٹی سرکل جھنگ ، ڈی پی او جھنگ ، ریجنل پولیس آفیسرفیصل آباد ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مذکورہ صورت حال کا فوری نوٹس لینے اور قبضہ مافیاکے مبینہ سرغنہ عابد پرویز ولد محمد نواز تھراج سکنہ موضع اصحابہ تحصیل وضلع جھنگ حال تعینات حوالدار پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس جھنگ سمیت اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 420 ، 468، 471 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے فوری گرفتار ، مکان کا قبضہ واگزار اور ملازمت سے برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :