پنجاب، بلوچستان میں سیلاب سے نظام زندگی درہم برہم، بلوچستان کا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ، مزید19افراد جاں بحق، فوج امدادی کارروائیوں میں مصروف

منگل 11 ستمبر 2012 18:32

پنجاب ، سندھ، بلوچستان کے کئی شہروں میں سیلابی ریلے نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔ مختلف واقعات میں آج مزید19افراد جاں بحق ہو گئے ،ڈیرہ غازی خان اورراجن پور زیر آب آگئے ۔ سینکڑوں مکانات منہدم اورکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ روجھان میں خاتون سمیت تین افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ،چھت گرنے سے دوبچے جاں بحق ہوگئے ۔پنجاب میں ڈیرہ غازی خان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

شہر پانی میں ڈوب چکا ہے ۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ کئی مقامات پر خستہ حال مکانات کی چھتوں پر بیٹھے لوگ امداد کیلئے پکار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شوریہ کینال اور سیم نالے میں شگاف پڑنے سے کئی دیہات زیر آب آگئے اورکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ۔ادھر بلوچستان کا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوگیا ہے کشمور میں درجنوں گاوٴں زیر آب آ گئے ۔ جیکب آباد میں تین دن میں چار سو انچاس ملی میٹر بارش ہو ئی۔

سکھر میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے ،لوگ محصور ہوگئے ۔ مختلف حادثات میں مزید نوافراد جاں بحق ہوگئے ۔ گھوٹکی،کشموراورجیکب آباد میں فوج کو طلب کرلیا گیا۔سکھر میں مینارا روڈ ،رائل روڈ ،وسپور محلہ ،بکھر چوک ،تانگہ اسٹینڈ، چناب بلڈنگ اور نصر ت کالونی سمیت تقریباً پچاس سے زائد علاقے برساتی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں