سپریم کورٹ میں ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ،6مزید درخواستوں پر ملزم کو نوٹس جاری ،ڈاکٹر ارسلان افتخار کیس کا ریکارڈ منگوانے کی درخواست مسترد ، سماعت 4جولائی تک ملتوی

جمعرات 28 جون 2012 13:14

سپریم کورٹ کے جسٹس شاکر اللہ جان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس میں 6مزید درخواستوں پر ملزم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر ارسلان افتخار کیس کا ریکارڈ منگوانے کی درخواست مسترد کردی۔ جمعرات کو جسٹس شاکراللہ کی سربراہی میں3رکنی بنچ نے ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹرباسط نے کہاکہ انکا موکل بیمار ہے لیکن عدالت کے احترام میں لندن کے ہسپتال کو چھوڑ کر یہاں آئے،ڈاکٹر باسط نے کیس کی تیاری کیلئے مہلت بھی مانگی۔

(جاری ہے)

جسٹس شاکراللہ جان نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزاروں کی استدعا کے برعکس ملک ریاض کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں کیا۔ ڈاکٹر باسط نے کیس کی تیاری کیلئے تین ہفتوں کی مہلت مانگتے ہوئے یہ بھی کہاکہ اس کیس میں استغاثہ ، اٹارنی جنرل ہیں یا رجسٹرار سپریم کورٹ۔ یہ انہیں معلوم ہی نہیں ہورہا، یہ بھی پتا نہیں کہ ثبوت کیا ہے۔ڈاکٹر باسط نے کہاکہ اس کیس میں ارسلان کیس کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے۔اسے عدالت نے مستر دکردیا ، ملک ریاض کی حاضری سے استثنی کی درخواست آئی تو عدالت نے کہاکہ ابھی اس کی ضرورت نہیں ہے