چوہدری پرویز الٰہی ملک کے پہلے ڈپٹی وزیراعظم بنا دیئے گئے، نوٹیفکیشن جاری،ق لیگ کے وفاقی وزراء، وزرائے مملکت نے حلف اُٹھا لیا،وزیراعظم نے کابینہ کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا

پیر 25 جون 2012 23:00

مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کو ڈپٹی وزیر اعظم بنادیا گیا ہے اوراس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ چوہدری پرویز الہیٰ ملکی تاریخ کے پہلے نائب وزیراعظم بن گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم پرویز اشرف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کرلیا ہے ادھرصدر آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے مسلم لیگ (ق) کے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت سے پیر کی رات ایوان صدر میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں حلف لیا ۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ،چیئرمین سینیٹ سید نیئر بخاری،سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،وفاقی وزراء ،مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔مسلم لیگ (ق) کے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے وفاقی وزراء میں سردار بہادرخان ،شیخ وقاص اکرم،جام محمد یوسف،طالب حسین نکئی ،لیاقت عباس،انور علی چیمہ،چوہدری وجاہت حسین اور غوث بخش مہر شامل ہیں جبکہ وزراء مملکت میں ملک نعمان ،سعید خان مندوخیل ،خواجہ شیراز ،سردار شاہجان یوسف، غیاث میلہ ، آصف توسیف اور اکرم مسیح گل شامل ہیں