ارسلان افتخار ازخود نوٹس کیس کی سماعت آج ہوگی

پیر 11 جون 2012 11:19

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار اور ملک ریاض کے کیس کی سماعت آج سے روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ کیس کے مرکزی کردار ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری کا کہنا ہے کہ ان کے موکل ڈاکٹر سے مشورے کے بعد پاکستان روانہ ہوں گے ۔سپریم کورٹ کا جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف پر مشتمل دو رکنی بینچ آج سے ارسلان افتخار اور ملک ریاض کے کیس کی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے گزشتہ سماعت پرعبوری آرڈر جاری کیا گیا تھا کہ وہ اس کیس کی سماعت کرنے والے بنچ میں نہیں بیٹھیں گے جبکہ ملک ریاض کے وکیل کی جانب سے لارجر بینچ کی تشکیل کی درخواست عدالت پہلے ہی مسترد کرچکی ہے ۔ ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری کا کہنا ہے کہ ملک ریاض بیمار ہیں مگر اس کے باوجود انہوں نے ڈاکٹروں سے مشورہ کرکے کل پاکستان آنے کافیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ خود عدالت میں پیش ہوکر بیان دیں گے ۔ عدالت کے حکم پر ڈاکٹر ارسلان افتخار نے ہفتہ کے روز سپریم کورٹ میں ابتدائی بیان جمع کرایاتھاجس میں ملک ریاض کے الزمات کو سنی سنائی بات قرار دیا دیتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ وہ دوہزار نو ، دس اور گیارہ میں لندن گئے ،جس پر پینتالیس لاکھ کاخرچہ انہوں نے خود اٹھایا، اگر کسی نے ادائیگی کریڈٹ کارڈ سے کی تو اس کا انہیں علم نہیں،ارسلان کا کہناتھاکہ ان کاملک ریاض کی بیٹی یاداماد سے کوئی کاروباری تعلق نہیں ہے