جمہوریت نہ رہی تو سب کی دکانیں بند ہو جائیں گی،وزیراعظم ،میاں صاحب کرپشن کے الزامات لگا لیں لیکن اْن کے اقتدار میں آنے کا کوئی چانس نہیں ہے،یوسف رضا گیلانی کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو

اتوار 1 جنوری 2012 22:44

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوریت نہ رہی تو سب کی دکانیں بند ہوجائیں گی،میاں صاحب کرپشن کے الزامات لگا لیں لیکن اْن کے اقتدار میں آنے کا کوئی چانس نہیں ہے،اس سال غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا جائے گا۔سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات عوام کے مفادات کے مطابق رکھنا چاہتے ہیں۔

عوام کے بغیر کوئی جنگ نہیں لڑی جا سکتی، امریکہ سے تعلقات کے بارے میں پارلیمنٹ میں عوام کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آزاد،مستحکم اور پْرامن افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ کشمیر پر ہمارا اصولی موقف برقرار ہے،تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ راتوں رات بننے والی جماعتوں کی عوام میں کوئی ساخت نہیں،جن جماعتوں کا کوئی نظریہ نہیں وہ عوام کو کیا دے سکیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سال کے اندر اندر ملک میں جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا جائے گا۔توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید کے دور میں شروع کئے گئے منصوبے بند نہ کئے جاتے تو آج پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا