بھارت، جھڑپ میں 5ماوٴ نواز باغی ،فوجی گاڑی پرحملے میں4اہلکار ہلاک

منگل 27 جولائی 2010 13:36

نئی دہلی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 جولائی۔2010ء) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5ماوٴ نواز باغی ہلاک ہو گئے جبکہ ریاست آسام میں فوجی گاڑی پرمسلح افرادکے حملے میں چاراہلکار ہلاک اورتین زخمی ہوگئے ۔ بھارتی سکیورٹی حکام کے مطابق مغربی بنگال میں باغیوں کے ساتھ جھڑپ گزشتہ شب اس وقت ہوئی جب نیم فوجی دستوں نے مغربی بنگال کے علاقے گوالٹور میں واقع ماوٴ نواز باغیوں کے ایک کیمپ کو گھیرے میں لے لیا۔

گھیرے کا پتہ چلتے ہی ما وٴنواز باغیوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ ماوٴ نواز باغی سکیورٹی اہلکاروں کی آمد کی توقع نہیں کر رہے تھے جس کی وجہ سے فائرنگ میں ان کے پانچ ساتھی ہلاک ہو گئے۔ پولیس افسر منوج ورما کا کہنا ہے کہ مقامی دیہاتی پولیس کو زیادہ معلومات فراہم کرر ہے ہیں جس کی وجہ سے ماوٴ نواز باغیوں کے اکثریتی علاقوں میں کارروائیاں کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

رواں ماہ کے آغاز پر بھی پولیس نے ایک مقابلے میں سات باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔ یہ گزشتہ کئی ماہ کے بعد رواں ماہ میں دوسرا موقع ہے کہ پولیس ما نواز باغیوں کے ٹھکانوں کے گرد گھیرا ڈالنے میں کامیاب ہوئی۔دوسری جانب شمال مشرقی ریاست آسام میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے ایک فوجی گاڑی پر حملہ کرکے چار پیرا ملٹری فوجی ہلاک اور تین زخمی کردیے۔

ریاست کے پولیس انسپکٹر بھاسکر ماھنتا کا کہنا ہے کہ یہ حملہ پیر کو بھوٹان کی سرحد کے قریب ضلع چرانگ میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مارے جانے والے فوجیوں کا تعلق بارڈر فورس سے تھا جوکہ بارڈر کے ساتھ تعینات تھے۔ ماھنٹا کا کہنا ہے کہ حملہ آور فوجیوں کے ہتھیاروں کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق کالعدم بوڈولینڈ نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ سے تھا۔ یہ گروپ بوڈو قبائل کے لیے علیحدہ مملکت کے لیے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :