وکی لیکس کی دستاویزات فوجیوں کیلئے خطرہ ہیں، امریکا

منگل 27 جولائی 2010 11:04

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔27جولائی 2010ء) امریکا نے کہا ہے کہ وکی لیکس کی دستاویزات قومی سلامتی اور فوجیوں کیلئے خطرہ ہیں، امریکی ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروس کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، وکی لیکس کی پرانی دستاویزات پر پاکستان کے تعاون پر سوالیہ نشان نہیں لگایا جائیگا۔ وہائٹ ہاؤس کے ترجمان نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ وکی لیکس کے انکشافات پریشان کن ہیں، امریکا شہریوں کا جانی نقصان کم کرنے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

انہوں نے رپورٹس میں پاکستان پر الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پہلے سے زیادہ ہے۔ امریکا پاکستانی اداروں کے طالبان سے تعلقات سے آگاہ ہے لیکن پاکستانی عوام اور آئی ایس آئی سمیت سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

وکی لیکس کی دستایزات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروس کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ امریکا ان دستاویزات کی بنیاد پر پاکستان کے تعاون پر شکوک وشبہات نہیں کرے گا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ طالبان کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ خفیہ دستاویز کا منظر عام پر لانا امریکا کی قومی سلامتی، عوام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔امریکی محکمہ دفاع نے وکی لیکس کی رپورٹس کو مجرمانہ فعل اور فوج و قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔ پینٹاگون کے ترجمان کرنل ڈیو لے پان نے میڈیا کو بتایا کہ وکی لیکس کی رپورٹس کا جائزہ لینے میں کئی دن لگیں گے، فی الحال اس کے نقصانات کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہوگا۔ اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ یہ دستاویزات فوجیوں اور قومی سلامتی کے لئے کتنی خطرناک ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :