شمن پاکستان کو توڑنے کیلئے یہاں سویت یونین جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں، گورنرخیبر پختونخواہ اویس احمد غنی

منگل 6 جولائی 2010 19:34

سیدو شریف (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6 جولائی۔2010ء) گورنرخیبر پختونخوا اویس احمد غنی نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کو توڑنے کیلئے یہاں سویت یونین جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں، اسلام پاکستان کا بنیادی نظریہ ہے ، پاکستان کیخلاف کسی قسم کا جہاد نہیں ہوسکتا ۔ دورہ سوات کے دوران سیدو شریف کے ودودیہ ہال میں عمائدین علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے دشمن نہیں چاہتے کہ دنیاکی واحد اسلامی ایٹمی حکومت قائم رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک فوج جذبہ ایمان سے سرشار ہے اور پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔اس سے پہلے یادگار شہدا پر حاضری دینے اور پھول چڑھانے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سوات میں شدت پسندوں کو بھرپور قربانیوں کے بعد شکست دے کر ہم سرخرو ہوگئے ہیں اور سوات اب ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن گیاہے۔اویس احمد غنی نے سوات میلے میں منعقدہ صنعتی نمائش کا بھی دورہ کرکے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیااورسرکس کے پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر میجر جنرل اشفاق ندیم کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا کو پرانے سکے اور نوادرات پیش کئے گئے جو انہوں نے سوات میوزیم کے حوالے کردیئے۔