ملک سے دہشت گردی کے خا تمے کیلئے کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے ،صاحبزادہ حاجی فضل کریم ،وفاقی وصوبائی حکومتوں میں طالبان کے حامی وزراء کو برطرف کیاجائے، دہشت گردی کی تر بیت دینے والے مدارس کو ملنے والی بیرونی امداد بند کرائی جائے، پریس کانفرنس

ہفتہ 3 جولائی 2010 18:07

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3 جولائی۔2010ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی فضل کریم نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خا تمے کیلئے کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے ،وفاقی وصوبائی حکومتوں میں طالبان کے حامی وزراء کو برطرف کیاجائے اور دہشت گردی کی تر بیت دینے والے مدارس کو ملنے والی بیرونی امداد بند کرائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں سنی اتحاد کونسل کے راہنماوٴں پیر افضل قادری ، صاحبزادہ سید مختار اشرف رضوی ، صاحبزادہ سید شاہد گردیزی ،صاحبزادہ سید محمد صفدر شاہ گیلانی ،سردار محمد لغاری سیمت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حاجی فضل کریم نے کہا کہ سانحہ داتا دربار کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،سانحہ پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ،سنی اتحاد کونسل سانحہ کے خلاف احتجاجی تحریک کو منظم کرنے کے لیے 8 جولائی کو دارالعلوم حزب الاحناف لاہورمیں ملک گیر” لبیک یارسول الله علماء ومشائخ کنونشن “منعقد کرے گی جس میں طالبانائزیشن کی مذمت کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گابعد ازاں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن کو تباہ کرنے کے لیے بنائی جانے والی ہرسازش کو ناکام بنادیا جائے گا۔احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وفاقی او ر صوبائی حکومتیں دہشت گردوں کو پکڑ کرسزا نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید قانون سازی اور خفیہ اداروں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت اس بات کا کھوج لگائے کہ دہشت گردوں کے پاس جدید ترین اسلحہ کہاں سے آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے علماء اکرام کو متحد کرکے حکومت پر دباوٴ بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کالعدم تنظیم جماعت الدعوة کی سرپرستی کررہی ہے جس کی مثال بجٹ میں 10 کروڑ مختص کرنا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے پر وزیر قانون پنجاب رانا ثناء الله کو برطرف کیا جائے اور لشکر جھنگوی ، سپاہ صحابہ ، جماعت الدعوة سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف فوری طو ر پر کریک ڈاوٴن کیا جائے،فرقہ واریت کو ہوا دینے والے منفی مذہبی لٹریچر کو ضبط کر کے بزرگان دین کے خلاف لکھی گئی کتابوں پر پابندی عائد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ داتا دربار میں وہی جنونی گروہ ملوث ہے جو درباروں پر حاضری کو شرک قرار دیتے ہیں اور جنہوں نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی کو شہید کیا ،بابار حمان اور دیگر مزارات پر دھماکے کیے ۔