نئے مالی سال کا بجٹ تاریخی اور عوام دوست ہے، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، پیپلز پارٹی،وزراء کی تنخواہوں میں کمی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ٹیکس کیلئے آمدن کی حدمیں اضافہ خوش آئند ہے، بابر اعوان، نوید قمر، پرویز اشرف، فردوس عاشق اور فوزیہ وہاب کا ردعمل

ہفتہ 5 جون 2010 23:52

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جون۔2010ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے مالی سال 2010-11ء کے وفاقی بجٹ کو تاریخی اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزراء کی تنخواہوں میں کمی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب عوام کو ریلیف دیا جا رہا ہے، انکم ٹیکس کے نفاذ کی حدکو دو لاکھ سے بڑھا کر تین لاکھ کرنا اچھا فیصلہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزراء ڈاکٹر بابر اعوان، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، فردوس عاشق اعوان اور فوزیہ وہاب نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اے این این سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جاگیروں کی پارٹی نہیں بلکہ غریب عوام کی جماعت ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے عوام کی محرومیوں کا دکھ ہمیشہ اپنے دل میں محسوس کیا اس لئے موجودہ حکومت بھی اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے غریب کا چولہا جلانے کا عزم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاگیردانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے شکنجے میں کچلی ہوئی عوام کوموجودہ بجٹ میں ریلیف فراہم کیا گیا ہے یہ بجٹ عوام کو پسماندگی، غربت اور جہالت سے نجات دلائے گا۔ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے کثیر سرمایہ مختص کیا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان آج بھی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزراء کی تنخواہیں کم کی گئی ہیں جو عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت غریب اور امیر کا فرق مٹانا چاہتی ہے، موجودہ معاشی صورتحال میں یہ ایک بہترین بجٹ ہے۔ حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا تنخواہوں میں پچاس فیصد اضافہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ آئندہ سالوں میں مزید سہولتیں دی جائیں گی۔