وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی شٹل ڈپلومیسی،ملتان کے ضمنی الیکشن میں تصادم رکوانے کی کوششیں ،وزیراعظم کی قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں چوہدری نثارعلی اور جاویدہاشمی سے ملاقاتیں ،الیکشن تصادم رکوانے کی اپیل ،چوہدری نثار کا ٹیلی فون پر نغمہ مشتاق اور ملتان کے پارٹی رہنماء نوید الحسن سے رابطہ ،وزیراعظم کی بھی اپنے بھائی مجتبیٰ گیلانی سے گفتگو

ہفتہ 5 جون 2010 23:52

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جون۔2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان اور مخدوم جاوید ہاشمی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں ملتان کے ضمنی الیکشن میں ہونے والے تصادم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے این این کو باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران اپنی نشست پر بلایا اور ان سے ملتان کے ضمنی الیکشن کی پولنگ کے دوران ہونے والے جھگڑے پر بات چیت کی اور انہیں کہا کہ حالات خاصے خراب ہو گئے ہیں دونوں طرف کے حمایتیوں کی جانب سے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر آپس میں تصادم ہوا ہے جو نہیں ہونا چاہیے جس پر قائد حزب اختلاف نے انہیں یقین دلایا کہ ن لیگ کے کارکنوں کو جھگڑا کرنے سے روکا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اسی دوران چوہدری نثار ایوان سے باہر گئے اور کچھ دیر کے بعد واپس آ گئے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ چوہدری نثار نے ٹیلی فون پر مسلم لیگ (ن) ملتان کے رہنماؤں رانا نوید الحسن اور ضمنی الیکشن میں امیدوار نغمہ مشتاق کو پیغام بھجوایا کہ کسی بھی صورت میں جھگڑا نہیں ہونا چاہیے اپنے حمایتیوں کو روکیں جمہوری عمل کے دوران مقابلہ ووٹ کی پرچی سے ہونا چاہیے نہ کہ لڑائی جھگڑے سے۔

اس سے قبل جاوید ہاشمی نے بھی ملتان کے لیگی کارکنوں سے رابطہ کر کے انہیں پرامن رہنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بھی اپنے بھائی مجتبیٰ گیلانی و دیگر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو حکم دیا کہ کسی قسم کی خرابی نہیں ہونی چاہیے الیکشن نتائج کے اعلان کے موقع پر پرامن رہیں۔ واضح رہے کہ ملتان کے ایک صوبائی حلقے میں وزیراعظم کے بھائی مجتبیٰ گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کی نغمہ مشتاق کے درمیان ضمنی الیکشن میں مقابلہ ہو رہا تھا جس کے باعث ہفتہ کو دن کے اوقات میں مختلف پولنگ سٹیشنوں پر لڑائی جھگڑوں کے واقعات ہوئے اور کارکن آپس میں گتھا گتھم ہوئے اور ہاتھا پائی ہوئی جس کی خبر اسلام آباد میں وزیراعظم تک پہنچی تھی ۔