متاثرین عطاء آباد و ہنزہ بالا کا ہیلی کاپٹرسروس کیخلاف احتجاجی دھرنا کشتی سروس چلانے کا مطالبہ،ہمیں ریلیف دینے کے بجائے ہیلی کاپٹر ز میں اعلیٰ افسران کی بیگمات و رشتہ داروں کو سیروتفریح کرائی جارہی ہے متاثرین ،متاثرین کے موقف میں صداقت نہیں ہفتے کو ہیلی کاپٹرز میں امدادی ٹیمیں اور ریلیف کا سامان بھجوایا گیا انچارج اقبال جان

ہفتہ 5 جون 2010 21:46

گلگت(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جون۔2010ء) عطاء آباد جھیل اور ہنزہ بالا کے سینکڑوں متاثرین نے ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے سامان رسد اور بے گھر ہونیوالے افراد کو سفری سہولیات کی فراہمی کے مقاصد کے بجائے اعلیٰ سرکاری افسروں کی بیگمات  رشتہ داروں  دوستوں اور واقف کاروں کی سیرو تفریح کیلئے استعمال کرنے کیخلاف گلگت ہیلی پیڈ پر احتجاجی دھرنا دیا ۔

دھرنا دینے والوں میں خواتین  طلباء اور بچے بھی شامل تھے ۔ گلمت  نملکن  پھسو  سوست اور شمشال سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ روز سے اپنے گھروں کو جانے کے لیے صبح و شام ہیلی پیڈ کے چکر لگا رہے ہیں جبکہ ریلیف کے لیے مختص ہیلی کاپٹروں میں پائیلٹوں  اعلیٰ افسران کی بیگمات  بچوں اور دیگر رشتہ داروں کو سیر سپاٹے اور جھیل کا نظارہ کرایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متاثرین کے گاؤں پانی میں ڈوبتے جارہے ہیں مگر وہ اپنے علاقوں جو جانے سے بھی قاصر ہیں جس کی وجہ سے وہ سخت ذہنی کرب میں مبتلاء ہورہے ہیں ۔ گلگت میں انہیں ہوٹلوں کے بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں ۔ اس موقع پر متاثرین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہیلی کاپٹر سروس متاثرین کے نام پر اعلیٰ حکام اور ان کے خاندانوں کی سیروتفریح کیلئے استعمال کی جارہی ہے متاثرین نے مطالبہ کیا کہ کشتی سروس کا دوبارہ آغاز کیا جائے ۔دوسری جانب ہیلی سروس کے انچارج تحصیلدار اقبال جان نے متاثرین کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ہفتے کے روز چلنے والی ہیلی کاپٹر سروس میں امدادی ٹیمیں اور متاثرین کیلئے ریلیف کا سامان بھجوایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :