ضمنی انتخابات،ملتان میں پیپلزپارٹی،ڈی جی خان میں ن لیگ کامیاب

ہفتہ 5 جون 2010 21:41

ڈیرہ غازی خان(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جون۔2010ء) غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی دو سو چالیس ڈیرہ غازی خان ون میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ نواز کے امیدوار میر بادشاہ قیصرانی تریپن ہزار ایک سو اٹھاسی ووٹ لے کر جیت گئے ہیں ۔ ان کے مد مقال آزاد امیدوار خواجہ صلاح الدین تھے دونوں میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی تھی ۔پولنگ کے دوران دونوں امید واروں کے حمایتیوں کے مابین جھگڑے کے دوران پانچ افراد زخمی بھی ہو ئے تھے۔

ادھرملتان صوبائی اسمبلی کے حلقہ نمبر دو سو چھ میں منعقد ہو نے والے ضمنی انتخابات میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بھائی احمد مجتبی گیلانی نے چھتیس ہزار دو سو بتیس ووٹ لے کر چھ ہزار دوسو پینتالیس ووٹوں کی برتری سے کامیا بی حاصل کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مد مقابل مسلم لیگ نون کی امیدوار نغمانہ مشتاق دوسرے نمبر پر رہیں ۔نغمانہ مشتاق جنکا تعلق ماضی میں مسلم لیگ ق سے تھا اور وہ جعلی ڈگری کے الزام سے بچنے کے لئے مستعفی ہوئی تھیں سید مجتبی گیلانی کے ہاتھوں ضمنی الیکش بھی ہار گئی ہیں ۔

الیکشن کے دوران متعدد مقامات پر دونوں امیدواروں کے حامیوں کے درمیان جھگڑے کے واقعات بھی رونما ہوئے ۔ نغمانہ مشتاق کی جانب سے دھاندلی کے الزامت بھی عائد کئے گئے تاہم مجتبی گیلانی انے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے ۔