اجمل خٹک کی موت پوری پختون قوم کیلئے عظیم سانحہ ہے،میاں افتخارحسین

منگل 16 فروری 2010 16:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔16 فروری۔ 2010ء) صوبہ پختونخوا کے وزیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، ٹرانسپورٹ اور بین الصوبائی رابطہ میاں افتخار حسین نے بزرگ سیاستدان اور ممتاز شاعر و ادیب اجمل خٹک مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجمل خٹک کی موت پوری پختون قوم کیلئے عظیم سانحہ ہے اور ہم عظیم بزرگ اور مخلص پختون رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ پختونوں کے حقوق کے حصول اور بہتری کی جدوجہد میں گزارا۔وہ صرف پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کے پختونوں کے ہر دلعزیز شخصیت تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرینکفرٹ جرمنی میں پشتو کے عظیم شاعر اور بزرگ سیاسی راہنمااجمل خٹک مرحوم کی خدمات کی اعتراف میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پختون سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

تقریب جس کی صدارت لالا اقبال کر رہے تھے سے علی خان محسود، سید وقار علی شاہ،حاجی فضل الرحمان، شیرین جردیوال اور صفدرخان نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے اجمل خٹک مرحوم کو منظوم خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسی ہستیاں بار بار پیدا نہیں ہوتیں اور ان کا خلا پرُ کرنے میں وقت لگے گا۔تقریب میں پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں، پختونوں اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

وزیر اطلاعات نے اندرونی و بیرونی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی دہشت گردی کا شکار ہیں اور پختون خطے پر پورے عالم کی جنگ لڑی جا رہی ہے جس کیلئے پختونوں نے بیش بہا قربانیاں دیں ہیں۔ لہذا پوری دنیا کو چاہیئے کہ وہ اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں کیونکہ ہم صرف اپنے خطے کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک آرمی و دیگر سیکورٹی اداروں اور عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں پورے ملک کے ہر مکتبہ فکر کے عوام ہمارے ساتھ ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اگرچہ اس کیلئے ہمیں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اب دہشت گردی کے خاتمے کے دن آ چکے ہیں اور اس کیلئے حالات نہایت ساز گار ہیں کیونکہ اب دہشت گرد ایک طرف اور پورا معاشرہ دوسری طرف ہے۔میاں افتخار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اے این پی کے قربانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس لئے دہشت گردوں کے نشانے پر ہے کہ اس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئے روز ہمارے کارکن جام شہادت نوش کر رہے ہیں اور صرف ملاکنڈ ڈویژن میں اب تک ہمارے تقریباً ۳۰۰ عہدیداراور کارکن شہید ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمت نہیں ہاریں گے اور دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر یں گے۔

دریں اثناء، صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار خان جرمنی کے شہر کولون روانہ ہو گئے جہاں وہ مقامی پاکستانیوں کی دعوت پر اہم تقریبات میں شرکت کرکے خطاب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :