ملک بھر کے بلدیاتی اداروں میں چھ ماہ کے اندر اندر بلدیاتی الیکشن پاک فوج کی زیر نگرانی کروائے جائیں، سید ذوالفقار شاہ

جمعہ 1 جنوری 2010 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) ملک بھر کے بلدیاتی اداروں کا نظام صوبوں کی ماتحتی میں آنے سے نظام میں مزید بہتری آئیگی۔ موجودہ ناظمین کی دور نظامت کو چار سال سے زائد کا مقررہ عرصہ گزرنے کے بعد ملک بھر کے بلدیاتی اداروں میں چھ ماہ کے اندر اندر بلدیاتی الیکشن پاک فوج کی زیر نگرانی کروائے جائیں۔ فوری طور پر سرکاری افسران کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کرکے ناظمین کے کروائے گئے ترقیاتی کاموں، بھرتیوں، ترقیوں، تبادلوں کی چھان بین کرواکر بدعنوان ناظمین کو سزائیں دلوائی جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مقامی ہفت روزے کے تحت منعقدہ بلدیاتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان میونسپل ورکرز فیڈریشن کے چیف آرگنائزر سید ذوالفقار شاہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کس حد تک کامیاب ہوا ہے اور کس حد تک ناکام اس کا فیصلہ ان اضلاع، تحصیلوں، ٹاؤنز اور یوسیز کی عوام بہتر طور پر کرسکتی ہے۔ موجودہ نظام نچلی سطح پر نمائندگی کے حوالے سے کافی حد تک کامیاب رہا لیکن چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں کرپشن وسیع پیمانے پر کی گئی۔