بھارت کا یکم جنوری سے دنیا کے پانچ ممالک کے شہریوں کو ائیر پورٹ پہنچنے کے بعد ویزا جاری کرنے کا اعلان

جمعہ 1 جنوری 2010 18:52

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) بھارت نے یکم جنوری سے دنیا کے پانچ ممالک کے شہریوں کو ائیر پورٹ پہنچنے کے بعد ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔چند ممالک کے لیے ہی سہی لیکن ہندوستان میں ویزا کے نظام میں اس طرح کی آسانی پہلی بار کی گئی ہے۔بھارت نے ان نئی سہولیات کے لیے جن پانچ ممالک کے شہریوں کا انتخاب پہلی بار کیا ہے اس میں جاپان، نیوزی لینڈ، فن لینڈ، سنگاپور اور لگزمبرگ شامل ہیں۔

یکم جنوری سے ان ممالک کے شہریوں کو ممبئی، دلی، چینائی اور کولکتہ کے ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد سے ویزا جاری کرنا شروع کردیا گیا ہے۔یعنی ان ممالک کے شہری اگر بھارت آنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے لائن میں کھڑے ہوکر سفارت خانوں کے چکر لگانے جیسی مصیبت نہیں جھیلنی پڑے گی۔

(جاری ہے)

وہ کہیں سے بھی ان ایئر پورٹ پر اتر کر بھارتی حکام کو فیس دیکر ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

برطانوی ریڈیو کے مطابق بھارتی حکومت نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب اس نے امریکہ اور یوروپی ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا میں سختی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ان سخت اعلانات پر کئی ممالک نے ناراضگی بھی ظاہر کی ہے۔بھارت میں بھی ایک طبقہ کا یہ کہنا ہے کہ سختی برتنے سے شعبہ سیاحت متاثر ہوگا اور یہ ملک کی اقتصادیات کے مفاد میں نہیں ہے۔لیکن وزارت داخلہ نے ہیڈلی معاملے کے بعد ویزا میں سختی برتنے کا فیصلہ کیا جس سے حکومت نے بھی اتفاق کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :