ہنگو  بم نصب کر تے ہوئے دو دہشت گرد ہلاک

جمعہ 1 جنوری 2010 18:08

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) ضلع ہنگو کے سرحدی علاقے زرگری میں بم نصب کرتے ہوئے پھٹنے کے باعث دو مبینہ دہشت گردوں کے پرخچے اْڑگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جمعہ کی علی الصبح تقریباً چار بجے یہ واقعہ پولیس تھانہ دوآبہ کی حدودمیں ضلع ہنگو کے سرحدی علاقے زرگری میں اْس وقت پیش آیا جب دومبینہ دہشت گرد دس کلو وزنی طاقت ور بم نصب کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ بم نصب کرنے سے قبل ہی اچانک زورداردھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دونوں مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے ۔

پولیس ترجمان نے بم ڈسپوزل سکواڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ خودساختہ ریموٹ کنٹرول بم تھا جسمیں دس کلو وزنی دھماکہ خیز مواد تھا۔پولیس کوجائے وقوعہ سے ریموٹ کنٹرول سسٹم ملاہے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دوآبہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔ پولیس تھانہ دوآبہ نے واقعہ کے بارے میں بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجودرابطہ کرنے پربتایا کہ فی الوقت دونوں ہلاک شدگان کی پوری طرح شناخت نہیں ہو سکی ہے البتہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :