صوبائی دارالحکومت کو بجلی فراہم کی مین سپلائی لائن کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ‘پولوں سے باندھے گئے41بم ناکارہ بنادئیے گئے،تمام بم روسی ساخت کے تھے ‘ بم ڈسپوز ل سکواڈ ‘دھماکے ہو جاتے تو کئی علاقوں کو بجلی کا نظام معطل ہو جاتا ‘ واپڈا اہلکار

جمعہ 1 جنوری 2010 18:07

لاہور/شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) کسانوں کی بروقت اطلاع پر صوبائی دارالحکومت کو بجلی فراہم کرنیوالی مین سپلائی لائن کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ‘ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بجلی کے پولوں سے باندھے گئے41بم ناکارہ بنادئیے۔تفصیلات کے مطابق ریلوے لائن کے کنارے صوبائی دارلحکومت لاہور کو بجلی فراہم کرنے کیلئے لگے دو مین لائنوں کے ٹاور کیساتھ دو مشتبہ افراد کچھ باندھ رہے ہیں جس پر کھیتوں سے واپس آنیوالے کسانوں نے مشتبہ افراد کو للکا را تو وہ بھاگ کھڑے ہوئے ۔

بعد ازاں ٹاور کیساتھ بندھے مشکوک ڈبے دیکھ کر فیروزوالا پولیس کو اطلاع دی ۔پولیس نے بم ڈسپوزل عملہ کیساتھ موقع پر پہنچ کر دو مختلف ڈبو میں بند دس کلو گرام وزنی 17بم برآمد کرکے انہیں ناکارہ بنادیا جبکہ الصبح مزید تفتیش کے دوران دوسری مین لائن کے ٹاور کیساتھ بندھے مزید 24بموں کو برآمد کرکے ناکارہ بنادیاگیا۔

(جاری ہے)

فیروزوالا پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ علاقہ بھر کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

گریڈ اسٹیشن منوں آبادکالاشاہ کاکو اور شامکے گریڈ اسٹیشن پر بھاری پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تمام بم روسی ساخت کے تھے جن میں6 کاوزن ایک سے سوا کلو‘11کا وزن پون ‘پون کلو بتایا جاتا ہے جبکہ پولیس نے مختلف خطوط پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔واپڈا ذرائع کے مطابق یہ مین سپلائی لائنیں تھیں اور اگر خدانخواستہ دھماکے ہو جاتے تو کئی علاقوں کو بجلی کا نظام معطل ہو جانا تھا لیکن بروقت کارروائی کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :