30 ارب کے طویل مدتی قرضے حاصل کرنے کیلئے شیڈول کا اعلان

جمعہ 1 جنوری 2010 17:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء)وفاقی حکومت نے آئندہ چھ ماہ کے دوران30 ارب روپے کے طویل مدتی قرضے مقامی سطح پر حاصل کرنے کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردی پاکستان سرمایہ کاری بانڈز کے آئندہ چھ ماہ کے کلینڈر میں بتایا گیا ہے کہ بانڈز کی نیلامی تین مراحل میں ہر دوماہ بعد کی جائے گی اور ہر نیلامی کیلئے10ارب روپے کا ہدف مقرر گیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی بینک کا کہنا کہ ستمبر 2009 میں جاری ہونے والے3 ،5 ،7 اور10 سالہ پاکستان سرمایہ کاری بانڈز جبکہ15 ،20 اور30 سال کے بانڈز کیلئے30 اگست2008 کو جاری ہونیوالے بانڈز کی بھی مزید نیلامی کی جائے گی۔حکومت نے آئندہ چھ ماہ کیلئے پاکستان سرمایہ کاری بانڈز کیلئے کوپن ریٹس کو بغیر کسی تبدیلی کے11 اعشاریہ دو پانچ فی صد سے13 اعشاریہ سات پانچ فیصد کے درمیان مقرر کیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی کے لئے حکومت نے پاکستان سرمایہ کاری بانڈز کے لیے قرض لینے کا ہدف 60 ارب روپے مقرر کیا تھا۔ مرکزی بینک کے مطابق نومبر2009 کے اختتام پر پاکستان سرمایہ کاری بانڈز کی مد میں حکومتی قرضوں کا حجم473 ارب روپے تھا۔