افغانستان  نیٹو طیاروں کی بمباری  بم دھماکے اور پر تشدد واقعات میں 19افراد ہلاک  متعدد زخمی  دو فرانسیسی صحافیوں سمیت پانچ افراد اغواء کر لئے گئے ، عام شہریوں اور طلبہ کی ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد کا مظاہرہ  اوباما کا پتلا او ر امریکی پرچم نذر آتش

جمعہ 1 جنوری 2010 16:59

کوہاٹ+کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) افغانستان میں نیٹو طیاروں کی بمباری ‘روڈسائیڈبم پھٹنے اورپْرتشدد واقعات میں خواتین سمیت 19افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے  دو فرانسیسی صحافیوں سمیت پانچ افراد اغواء کر لئے گئے جبکہ نیٹو طیاروں کی بمباری سے جاں بحق ہونے والوں عام شہریوں اور طلبہ کی ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے امریکی صدر اْوبامہ کا پتلا جلادیا جبکہ امریکی پرچم بھی نذرآتش کردیا۔موصولہ اطلاعات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند کے گاوٴں نادعلی میں نیٹوطیاروں کی بمباری کے نتیجے میں مزید آٹھ افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔صوبائی گورنر کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز نیٹوطیاروں نے اْس وقت بمباری کی جب شرپسندوں نے اتحادی افواج کے قافلے پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

اس بمباری کے نتیجے میں آٹھ افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ میں نیٹو طیاروں نے دوسری مرتبہ افغان شہریوں کو نشانہ بنایاہے جس پرحکومت سمیت افغان عوام میں شدیدغم و غصہ کی لہرپائی جاتی ہے۔ادھر ضلع بدغیس میں دوخواتین سمیت پانچ افغان شہری اْ س وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی گاڑی سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طورپرتباہ ہوگئی جبکہ اس میں سوار دو خواتین اور ڈرائیورسمیت پانچ افرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

جنوبی صوبہ اورزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ میں تشدد کے ایک واقعہ میں شدت پسندوں نے رات کی تاریکی میں ایک گھر پر حملہ کیا جہاں چھ افراد کو قتل کرکے ان کے سرتن سے جداکردیئے۔مقامی پولیس سربراہ کے مطابق مقتولین جنگجووٴں کے سابق ساتھی تھے۔ ادھر افغان دارالحکومت کابل کے شمال مشرق میں واقع صوبہ کاپیسہ کے ضلع شینکئی سے بعض نامعلوم مسلح افراد نے دو فرانسیسی صحافیوں کو اپنے تین افغان ساتھیوں سمیت اغواء کرلیا۔

دونوں فرانسیسی صحافی فرانسیسی ٹی وی چینل ایف آرتھری کے لئے کام کررہے تھے۔ دریں اثناء مشرقی صوبہ کنڑ میں گزشتہ ہفتہ نیٹو طیاروں کی بمباری سے جاں بحق ہونے والوں عام شہریوں اور طلبہ کی ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے امریکی صدر اْوبامہ کا پتلا جلادیا جبکہ امریکی پرچم بھی نذرآتش کردیا