سانحہ بولٹن مارکیٹ کے نقصانات اگر 3 ارب روپے سے زائد بھی ہوئے تو تب بھی وفاقی حکومت متاثرہ تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی‘شوکت ترین

جمعہ 1 جنوری 2010 16:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سانحہ بولٹن مارکیٹ کے نقصانات اگر 3 ارب روپے سے زائد بھی ہوئے تو تب بھی وفاقی حکومت متاثرہ تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ ان متاثرین کے ساتھ کھڑی رہے گی، یہ بات انہوں نے جمعہ کو وفاقی وزیر جہازراں بندرگاہ بابرخان غوری کے ہمراہ بولٹن مارکیٹ کے متاثرہ علاقے کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میرٹ روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رفیق جدون، آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر احمد چنائے بھی موجود تھے، وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت متاثرہ تاجروں کو یک جنبش قلم ریلیف دینے کی خواہشمند ہے، انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امداد کے حوالے سے قائم ہونے والی سرکاری کمیٹیوں میں متاثرہ تاجروں کے حقیقی نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا جنکی مشاورت سے ریلیف اور بحالی کے مراحل طے کیئے جائیں گے، گورنرسندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ پہلے ہی بولٹن مارکیٹ کے متاثرین کی بحالی کے لئے متحرک ہیں جبکہ وفاقی حکومت سندھ کی صوبائی اور شہری حکومت کے ساتھ متاثرین کی بحالی کے لئے ہمہ وقت ساتھ کھڑی رہے گی، شوکت ترین نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اگر متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لئے سرگرمی کا مظاہرہ کیا گیا ہے تو اس میں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے بلکہ یہ لائق تحسین امرہے ، انہوں نے کہا کہ سانحہ بولٹن مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے اور جیسے جیسے ان نقصانات کے تخمینے لگیں گے اسی تناسب سے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی، اس موقع پر وفاقی وزیر جہاز رانی وبندرگاہ بابرخان غوری نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے وفاق کی جانب سے ایک ارب روپے مالیت کے فنڈ کا اعلان ابتدائی مرحلہ ہے اور یہ فنڈ بھی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گوادر پورٹ میں ہماری آواز اٹھانے پر اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے خزانے کے ذمہ دار متاثرہ علاقے کا دورہ کرکے نقصانات کا خوددرست اندازہ لگارہے متاثرین کی بحالی ہماری قومی ذمہ داری ہے اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر ہی انکے تعاون سے بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ صرف کراچی نہیں بلکہ پورا پاکستان ہمارا ہے،وفاقی حکومت ،صوبائی اور شہری حکومت سے مل کر بحالی کے کام کے کاموں میں حصہ لے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میرٹ روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رفیق جدون نے وفاقی وزیر خزانہ سے کہا کہ منظم انداز میں آتشزدگی کی وجہ سے بولٹن مارکیٹ کے ہزاروں تاجروں کو سڑکوں پر کھڑا کردیا گیا ہے، انہوں نے وفاقی وزیر کو تجویز دی کہ وہ متاثرہ تاجروں کی بحالی کے عمل میں متعلقہ نمائندہ انجمنوں اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں کیونکہ وسیع پیمانے پر عطیات دینے والے تاجر آج بے یارومددگار ہوگئے ہیں جبکہ بعض غیر نمائندہ عناصر اپنی سیاسی دکان چمکانے لگ گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :