عاشورہ دھماکا خودکش نہیں لگ رہا،رحمن ملک

جمعہ 1 جنوری 2010 15:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ عاشورہ دھماکا خودکش نہیں لگ رہا مارکیٹوں میں آگ منصوبہ بندی کے ساتھ لگائی گئی۔ ایم کیو ایم کے رہنما وفاقی وزیر فاروق ستار نے کہا ہے کہ شرر انگیزی کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث کسی شخص یا جماعت کو معاف نہیں کیا جائے گا جبکہ وفاقی وزیر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل میں ملوث خفیہ ہاتھ بے نقاب کیے جائیں ۔

کراچی میں رینجرز حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک کا کہنا تھا کہ شہر کا امن تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہوا اسے کڑی سزا ملے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دس محرم کو بم دھماکے اور آتشزدگی کے واقعات کی رپورٹ کل تک موصول ہوجائے گی ۔اس واقعے کی ہرزاویے سے تحقیقات کررہے ہیں۔

متاثرہ دکانداروں میں امداد کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز فاروق ستار نے کہا کہ شیرپاؤ کالونی حقیقی دہشت گردوں کا گڑھ بن چکی ہے۔ لینڈ مافیا اور منشیات فروش ایم کیو ایم کے کارکنوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ کراچی کا امن عزیز ہے، شرر انگیزی کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :