شمالی وزیرستان ایجنسی میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے،دو افراد جاں بحق ، گزشتہ رات سے اب تک میزائل حملوں میں 9افراد جاں بحق،باجوڑ ایجنسی کے علاقہ ماندل میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ،6افرادجاں بحق ، متعدد زخمی ۔اپ ڈیٹ

جمعہ 1 جنوری 2010 14:57

وانا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔1جنوری۔ 2010ء) شمالی وزیرستان ایجنسی میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ہیں ۔ جاسوس طیارے نے تحصیل میران شاہ کے گاوں حکیم خیل میں ایک گاڑی پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔مارے جانے والے دونوں افراد مقامی بتائے جا رہے ہیں۔

علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔ یہ نئے سال میں کیا جانے والا پہلا میزائل حملہ ہے جبکہ گزشتہ رات بھی تحصیل میر علی کے گاوں مچی خیل میں امریکی جاسوس طیاروں کے دو میزائل حملوں میں سات افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔تحصیل میر علی کے گاوں مچی خیل میں امریکا کے تین جاسوس طیاروں کی کئی گھنٹے جاری پرواز کے بعدکریم خان نامی شخص کے مکان پر دو میزائل داغے گئے۔

(جاری ہے)

حملے میں تین افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد مقامی لوگوں کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لیکر زخمیوں اور لاشوں نکالا گیا۔دوسری جانب باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی کے علاقے ماندل میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں6افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق جمعہ کی دوپہر باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی کے علاقے ماندل میں سٹر ک کے کنارے نصب شدہ بم سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو زدار دھماکہ سے اڑا دیا گیاامکان ظاہرکیاگیاہے کہ یہ ریموٹ کنٹرول بم تھادھماکے کے نتیجے میں 6افراد موقع پر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

پولٹیکل انتظامیہ کے مطابق علاقہ دور افتادہ ہونے کی وجہ سے دھماکہ کے بعد امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دھماکہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔