نوازشریف کی طیارہ سازش کیس سے بریت آزاد عدلیہ کا ثمر ہے، راؤ سکندر اقبال

جمعہ 17 جولائی 2009 14:10

رینالہ خورد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی ۔2009ء) سابق وفاقی وزیر دفاع راؤ سکندر اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کی طیارہ سازش کیس سے بریت آزاد عدلیہ کا ثمر ہے‘ ان کی باعزت بریت سے جمہوری نظام کو تقویت ملے گی اور آمرانہ روش کا خاتمہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرنجی ٹی وی سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

راؤ سکندر اقبال نے کہا کہ طیارہ سازش کیس سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی بریت کا فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے جس سے عدلیہ کا وقار مزید بلند ہو گا اور ملک میں جمہوریت کے لئے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا آج کے اس تاریخی فیصلہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ حق سچ کو بزور طاقت دبایا نہیں جاسکتا۔

حقیقت ایک نہ ایک دن ضرور عیاں ہوتی ہے۔ پاکستان میں اب ایک خوشگوار ماحول میں نئے سیاسی عمل کا آغاز ہو گا جس سے ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو گا اور غیرجمہوری قوتوں کو شدید دھچکا لگے گا جن کی بے جا م مداخلت کی وجہ سے نہ صرف جمہوری نظام سبوتاژ ہوا تھا۔