پی ٹی سی ایل نے بہترسروسزاور جدیدمصنوعات کی بدولت 2008-09کی پہلی سہ ماہی میں 6ارب کا منافع حاصل کرلیا

اتوار 11 جنوری 2009 19:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جنوری۔2008ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ(پی ٹی سی ایل)نے اپنی بہترسروسزاور جدیدمصنوعات کی بدولت مالی سال2008-09کی پہلی سہ ماہی کے دوران 6ارب روپے کا منافع حاصل کرلیا۔ پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کمپنی نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے بلوچستان میں حالیہ زلزلہ متاثرین اور بینظیرانکم سپورٹ پروگرام جیسے فلاحی منصوبوں کوبھاری رقم بطورعطیہ فراہم کیں ۔

کمپنی بین الاقوامی سطح پر بہترین کال ریٹس فراہم کرنے میں بھی سرِفہرست رہنے کے ساتھ ساتھ ملک میں براڈ بینڈ ٹیکنالوجی متعارف کروانے والی پہلی ٹیلی کام کمپنی ہے۔پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کمپنی نے صارفین کو اپنی بہتر خدمات یقینی بنانے کیلئے ٹیلی فو ن لائن کی شکایات حل کرنے کا وقت تین دنوں سے کم کر کے تیس منٹ تک مقرر کر دیا تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے جبکہ رواں مال سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک کے بیشتر شہروں میں صارفین کی سہولت کیلئے نئے کسٹمر سروس سنٹرز بھی قائم کئے ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق کمپنی نے اس عرصے کے دوران اپنی جدید سروسز و مصنوعات متعارف کروا کر بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو ٹیلی کام شعبے میں راغب کرنے میں اہم کر دار ادا کیا جس کی واضح مثال چائنا موبائل ،سنگ ٹیل اور ورلڈ کال جیسے کمپنیوں کی ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری ہے۔اسکے علاوہ کمپنی نے پہلی سہ ماہی کے دوران ہائی سپیڈ انٹرنیٹ ،آئی پی ٹی وی اور وڈیو کانفرنسنگ جیسی جدید سروسزبھی متعارف کروا ئیں جس سے کمپنی نے چھ ارب روپے کا خطیر منافع حاصل کر کے دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کے مقابلے میں و اضع برتری حاصل کی۔