کارٹون کردارونی داپو80 سال بعد پھر کتابوں کی زینت

اتوار 11 جنوری 2009 14:56

لندن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11جنوری2009 ) بچوں کا ہر دلعزیز کردار ونی دا پو80 برس بعد اب دوبارہ کتابوں کی زینت بنے گا۔یہ چھوٹا سا بھالو اپنے ’ہنڈرڈ ایکر وڈ‘ میں اسی برس بعد باقاعدہ طور پر واپس آئے گا۔ اس کردار کے مصنف ’اے اے ملنے‘ نے یہ کردار1928 میں تخلیق کیا تھا۔ اس سلسلے کا نام ’ریٹرن ٹو ہنڈرڈ ایکر ووڈ‘ ہوگا۔کہانیوں کے سلسلے پر مبنی ناول کو ڈیوڈ بینیڈکٹس تحریر کررہے ہیں جبکہ اس میں شامل کی جانے والی تصاویر مارک برگس کی بنائی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کتاب پانچ اکتوبر کو امریکا اور برطانیہ میں جاری کردی جائے گی۔ اس کتاب کے لکھنے کے لیے ادیب نے اے اے ملنے اور ای ایچ شیپرڈ سٹیٹس سے باقاعدہ طور پر اجازت لی ہے۔ای ایچ شیپرڈ کا انتقال1976 میں ہوا تھا۔ لندن میں گزشتہ برس دسمبر میں مصور کی بنائی گئی اس سلسلے کی تصاویر کا مجموعہ ساڑھے بارہ لاکھ پاونڈ میں فروخت ہوا۔پو پراپرٹیز کے ٹرسٹی مائیکل براون کا کہنا ہے ’ہمیں امید تھی کہ ایک نہ ایک دن ہم ونی دا پو کہانیوں کے اصل سلسلے کی کڑی دنیا کے سامنے پیش کرسکیں گے۔ ایسی کہانیاں جو ونی کے کردار اور اصل کہانیوں سے صحیح طور پر انصاف کرسکیں۔