اسرائیل کے ساتھ امن کا آخری موقع ضائع ہوگیا، اس ہولوکاسٹ کا جواب اگلے ماہ انتخابات میں دیا جائے گا،خالد مشعل

اتوار 11 جنوری 2009 14:52

دمشق(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11جنوری2009 ) حماس کے سربراہ خالد مشعل نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ہولوکاسٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات اور مستقل قیام کا آخری موقع بھی ضائع ہو گیاہے، اس ہولوکاسٹ کا جواب اگلے ماہ انتخابات میں دیا جائے گا۔خالد مشعل نے عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی حکومت فلسطینی بچوں کے خون سے فروری کے انتخابات میں کامیابی کی شمعیں روشن کرنا چاہتی ہے۔

خالد مشعل نے کہاکہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیل کے ساتھ مذاکرات اور مستقل قیام کا آخری موقع بھی ضائع ہو گیاہے۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی فلسطینیوں نے گفتگو سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی، انہیں صرف اور صرف تلخی ہاتھ آئی،اگر اسرائیل فوجی کارروائی روک دے اور غزہ کا محاصرہ ختم کر دے تو ہی جنگ بندی ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

حماس کے رہ نما خالد مشعل نے اسرائیل فورسز کی غزہ پر حملے کو ہولو کاسٹ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس ہولوکاسٹ کا جواب اگلے ماہ انتخابات میں دیا جائے گا۔

انہوں نے اسرائیلی حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل غزہ سے اپنی فوجیں واپس نکال دے۔ اسرائیلی فورسز غزہ پر حملے بندکریں اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرلے،۔خالد مشعل نے فلسطینیوں کے نام پیغام میں کہاکہ وہ صبر اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے جنگ بندی ہو کیونکہ نہ تو یہ برابر کی جنگ ہے نہ ہی فائرنگ کا تبادلہ۔

دوئم تمام دشمن فوج فوراً غزہ سے نکل جائے۔سوئم غزہ کی ناکہ بندی ختم کی جائے کیونکہ یہی چیز ایک سال سے زیادہ عرصے سے پورے خطے کی دھماکہ خیز صورت حال کے پیچھے ہے اور چہارم کہ سب سے پہلے رفاہ اور پھر غزہ کو جانے والے تمام راستے کھولے جائیں۔ خالد مشعل نے امن فورس کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی عالمی فورس قبول نہیں کریں گے کیونکہ یہ عالمی فورس اسرائیلی سلامتی کو تحفظ دینے آئے گی اور وہ مزاحمت میں رکاوٹیں پیدا کرے گی۔

اگر ایسی کوئی بھی عالمی فورس ہم پر تھوپنے کی کوشش ہوئی تو ہم اسے قابض فوج کے طور پر دیکھیں گے۔دوسری جانب اعلیٰ اسرائیلی فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ پر حملوں کے بعد اب تک کل 550فلسلیطنی عسکریت پسند ہلاک کئے جاچکے ہیں،، مگر اس دعویٰ کے برعکس جارحیت میں اب تک مرنے والے 850سے زائد فلسطینیوں میں سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :