پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات سفارتی چینلز کے ذریعے حل کر رہا ہے،شاہ محمود قریشی

ہفتہ 10 جنوری 2009 23:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری۔2009ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات سفارتی چینلز کے ذریعے حل کر رہا ہے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ بھارتی رویہ سفارتی اعتبار سے اچھا تصور نہیں کیا جا رہا ۔کشمیر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات سفارتی چینلز کے ذریعے حل کر رہا ہے جبکہ بھارت معاملات میڈیا کے ذریعے آگے بڑھا رہا ہے۔

بھارت کو چاہیے کہ وہ بھی تمام معاملات سفارتی ذریعے سے آگے بڑھائے۔اس موقع پرمولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر مسئلہ کشمیر کی اولیت اور ترجیح کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب بھارت تمام تنازعات دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتا رہا ہے تو اب ممبئی حملوں کو عالمی فورم پر کیوں لیکر گیا۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ تعلقات کی بہتری میں رکاوٹ بن رہا ہے او رسفارتی اعتبار سے اچھا تصور نہیں کیا جارہا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جامع مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ بھارت پاکستان کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دے رہا۔انہوں نے بتایا کہ پانچ فروری کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے پروگرام ترتیب دینے کے لئے یوسف تالپور کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔