پیپلز پارٹی اور ق لیگ کا اتحاد ملک کے مفاد میں ہے، شیر افگن

ہفتہ 10 جنوری 2009 19:59

چکوال(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10جنوری2009 ) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیر افگن نے کہا ہے کہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو اپنی صفوں کے اندر جنرل محمود درانی جیسے چند اور بے وقوفوں کو جلد فارغ کرنا ہو گا کیونکہ ملکی سلامتی سے بڑھ کر کوئی شخص اہم نہیں اور حکومت کو اپنی صفوں کے اندر مکمل اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ ملکی سلامتی کے معاملات میں ٹھوس اور جاندار موقف اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وہ میانوالی سے چکوال پریس کلب میں ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مغربی محاذ فوری طور پر چھوڑ کر فوری وہاں فوجی آپریشن ختم کر کے مشرقی محاذ کو مضبوط کرنا چاہیئے کیونکہ بھارت ایک مکار دشمن ہے اور وہ کسی بھی وقت کچھ کر سکتا ہے۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شیر افگن نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے درمیان نئے اتحاد کیلئے جوڑ توڑ ہو رہا ہے اس میں سب سے قریب تر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق ہیں اور یہ اتحاد ملک کے مفاد میں ہے اور مسلم لیگ ق کو ہر صورت اپنی علیحدہ شناخت برقرار رکھنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے ملک میں گیس اور بجلی کوئی نہیں لہذا ان حالات میں ضروری ہو گیا ہے صدر زرداری فوری طور پر اسمبلیاں فارغ کر کے نئے انتخابات کرانے کا اعلان کریں۔ ڈاکٹر شیر افگن نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے 17 ویں ترمیم کے خاتمے کا بل بلیگ میلنگ ہے اور ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ کیونکہ میاں نواز شریف کی خواہش اور کوشش ہے کہ ملک میں افراتفری ہو اور چونکہ انہیں غلط فہمی ہے کہ وہ اس وقت ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں جو کہ ان کی خام خیال ہے انہوں نے کہا کہ مذکورہ بل پارلیمنٹ سے منظور ہونا مشکل ہے۔

متعلقہ عنوان :