پاک سری لنکا 18جنوری سے شروع ہونیوالی تین ون ڈے سیریز ‘پی سی بی نے انتظامات شروع کر دیئے

ہفتہ 10 جنوری 2009 19:42

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10جنوری2009 ) پاکستان اور سری لنکا کی 18جنوری سے شروع ہونے والی تین ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتظامات شروع کر دیئے ہیں ۔ لاہور ‘کراچی اور ملتان کے سٹیڈیم میں تزئین و آرائش اور دیگر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 18جنوری سے 28جنوری تک ہونے والے تینوں ون ڈے میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے ۔

کراچی میں شروع ہونے والا پہلا میچ 12بجے دن جبکہ لاہور اور ملتان میں میچ ساڑھے گیارہ بجے دن شروع ہونگے ۔

(جاری ہے)

پاکستا ن کرکٹ بورڈ نے فیصل آباد میں 27جنوری کو ہونے والے ون ڈے میچ کو ملتان منتقل کر دیا ہے ۔ اسکی وجہ سے ایک تو ملتان سٹیڈیم میں تماشائیوں کی زیادہ گنجائش کا ہونا اور دوسرا ملتان کا وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا آبائی شہر ہونا ہے ۔

میچز کیلئے پی سی بی نے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کر لئے ہیں لیکن پی سی بی کے جی ایم سیکورٹی کرنل ذوالفقار جنہیں پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے نسیم اشرف دور میں بھرتی ہونے کی بناء پر فارغ کر دیا تھا کی کمی محسوس ہو گی ۔ کرنل (ر) ذوالفقار انٹر نیشنل میچز کے دوران سیکورٹی کے انتظامات کرنے کے انتہائی ماہر ہیں لیکن پی سی بی نے انہیں بغیر سوچے سمجھے فارغ کر دیا تھا ۔